پیر, اکتوبر 28, 2024
اشتہار

پشاور : ٹشو پیپر فیکٹری میں دھماکے، دوبارہ آگ بھڑک اٹھی

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور : ٹشو پیپرز کے کارخانے میں گزشتہ روز لگنے والی آگ پر 36 گھنٹے بعد بھی مکمل قابو نہ پایا جاسکا، دھماکوں کے بعد دوبارہ آگ بھڑک اٹھی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں انڈسٹریل ایریا میں لگی آگ پر 36 گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔

رپورٹ کے مطابق کارخانے میں لگی آگ پر 28 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا تھا تاہم ایک پھر دھماکوں کی آواز سنی گئی اور پھر آگ دوبارہ بھڑک اٹھی۔

- Advertisement -

ریسکیوحکام کے مطابق چارسدہ، مردان اور نوشہرہ سے منگوائے گئے مزید فائر ویکلز اور فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں۔

امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے اندورنی حصوں میں ابھی بھی آگ لگی ہوئی ہے، فیکٹری کے بیسمنٹ میں200ٹن سے زائد ربڑ موجود تھی۔

فیکٹری کے بیسمنٹ اور دیگر حصوں میں رکھے ہوئے کیمیکلز کے باعث آگ پر قابو پانے میں ریسکیو کارکنان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے صنعتی زون حیات آباد انڈسٹریل ایریا میں واقع ٹشو پیپرز کے کارخانے میں شارٹ سرکٹ سے بھڑکنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

آپریشن کے دوران آتشزدگی سے خستہ ہونے والی عمارت کی چھت بھی گرگئی جبکہ آگ بجھانے میں ریسکیو 1122کی 20 گاڑیوں نے حصہ لیا، ریسکیو 1122 کے 100 سے زائد اہلکار بھی آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ شدت کے لحاظ سے آگ اول درجے کی ہے۔ آپریشن کے دوران اب تک تقریباً  18ریسکیو اہلکاروں کی حالت غیر ہوئی، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں