ابوظبی: پی ایس ایل 6 کے 24ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے، شکست کے بعد دفاعی چیمپئن کی پلے آف پوزیشن خطرے سے دوچار ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے اور زلمی کو جیت کے لیے 109 رنز کا ہدف دیا۔
کراچی کنگز کے بلے باز جم نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے، بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، شرجیل خان 25 رنز بناسکے مارٹن گپٹل بھی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
چیڈوک والٹن کو صفر پر ثمین گل نے ایل بی ڈبلیو کیا، زنجیب اللہ زادران 17 رنز پر ہمت ہار گئے، عامر یامین صفر پر ابرار احمد کی گیند پر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔
عماد وسیم 19 رنز پر وہاب ریاض کا نشانہ بنے، عباس آفریدی 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور ابرار احمد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، فاسٹ بولر ثمین گل دو وکٹیں حاصل کرسکے۔
جواب میں پشاور زلمی نے ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر گیارہویں اوور میں حاصل کرلیا، پشاور زلمی کی جانب سے حضرت اللہ زازئی نے 63رنز بنائے ،کامران اکمل نے 9 ،حیدر علی نے 16رنز بنائے۔
پی ایس ایل 6 میں کراچی کنگز کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے، پشاور سے چھ وکٹوں سے شکست کے بعد آٹھ میچوں میں کراچی کے چھ پوائنٹس ہیں اور پلے آف کی پوزیشن بدستور خطرے میں ہے۔