لاہور: پی ایس ایل 10 کے 17 ویں مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 64 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی اپنی پی ایس ایل کی تاریخ کے کم ترین ٹوٹل پر ڈھیر ہوگئی، پشاور کی ٹیم 179 رنز کے تعاقب میں صرف 114 رنز بنا سکی اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی، حسین طلعت 39، محمد حارث 17 اور مچل اوون 15 رنز بناسکے۔
پشاور زلمی کے بیٹرز اس میچ میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے، کوئٹہ کی بولنگ کے سامنے شکست خوردہ ٹیم کے 7 بلےباز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
پی ایس ایل 10: بابر اعظم کو لگاتار دوسری بار آئوٹ کرنے پر محمد عامر کا منفرد جشن
کوئٹہ کی طرف سے فہیم اشرف نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 33 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں، خرم شہزاد نے 2، محمد عامر، وسیم جونیئر اور ابرار احمد نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پشاور کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے کوئٹہ کو کھیلنے کی دعوت دی، مارک چیمپئن 33، کوشال مینڈس 32 اور کپتان سعود شکیل کے 32 رنز کی بدولت کوئٹہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
پشاور کی طرف سے نمایاں بولنگ کرتے ہوئے الزاری جوزف نے 33 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، صائم ایوب نے 24 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پی ایس ایل 10 کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ فور میں جگہ برقرار رہنے کے لیے یہ میچ جیتنا دونوں ٹیموں کےلیے اہم تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ 10 کے پہلے مقابلے میں کوئٹہ کی ٹیم نے پشاور کو یکطرفہ طور پر شکست سے دوچار کیا تھا۔
پی ایس ایل کی براڈ کاسٹ کمپنی میں شامل بھارتی عملے کو پاکستان سے نکال دیا گیا