پشاور کے حساس علاقے پولیس لائنز میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 59 تک جاپہنچی ہے۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق آج پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے دھماکے میں دو سو کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک تھی۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق کئی زخمی دوران علاج دم توڑ گئے ہیں جس کے باعث دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 59 تک جا پہنچی ہے۔
اسپتال ترجمان نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی افراد کی تعداد 157 ہے جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔
شہید افراد کی نمازجنازہ ادا
ادھر پولیس لائن مسجد دھماکےمیں شہید ستائیس افراد کی نمازجنازہ ادا کردی گئی نماز جنازہ میں آئی جی خیبرپختونخوا،کورکمانڈر ،کمانڈنٹ ایف سی و دیگرحکام نے شرکت کی۔
پولیس کے دستے نے شہدا کو سلامی دی اس موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔
دوسری جانب ترجمان ہلال احمرخیبرپختونخوا کے مطابق ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو نے مسجد کے ملبے تلے دبے اور ایک زخمی کو بحفاظت نکال لیا ہے۔
ترجمان ہلال احمرخیبرپختونخوا ذیشان انور کے مطابق ہم نےملبےسے اٹھارہ افراد کی لاشیں نکالی ہیں، مسجد کی پرانی عمارت کےدو پورشن منہدم ہوچکے،ریسکیو آپریشن مکمل ہونےمیں مزید چار سےپانچ گھنٹےلگ سکتےہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور دھماکے میں شہید آٹھ پولیس اہلکاروں کا تعلق چارسدہ سےہے،شہدا میں اے ایس آئی رضوان اللہ ،حوالداراشفاق،نور الحق،گل شرف، کانسٹیبلزشہاب اللہ، لیاقت، نسیم شاہ اور عبدالودود شامل ہیں۔
ایک روزہ سوگ کا اعلان
نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبےمیں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا کہ کل پورے صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہےگا۔