فیصل آباد : پالتو کتے کو پتھر مارنے پر نوجوان کو قتل کر دیا گیا، کتے کے مالک کی فائرنگ سے مقتول کے والد سمیت تین افراد زخمی بھی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے شہر فیصل آباد میں انسان کی قیمت کتے سے بھی کم ہوگئی، فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ مان پور کے رہائشی شہباز کے پالتو کتے نے تیس سالہ علی کو کاٹنے کی کوشش کی۔
علی نے اس کے کاٹنے سے بچنے کیلئے فطری طور پر پتھرمار کر کتے کو بھگایا یہ منظر دیکھ کر شہباز غصے میں آگیا اور اس نے پہلے علی پر کلہاڑی سے حملہ کیا اور پھر فائرنگ کر دی۔
نوجوان علی کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا اور مقتول کے والد اوراس کے دو کزن زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد ملزم شہباز موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔
واقعے پرعلی کے اہل خانہ اور دوست غم سے نڈھال ہیں، علی کا زخمی والد منظور اور کزن عثمان ڈجکوٹ اسپتال میں جبکہ عثمان سول اسپتال فیصل آباد میں زیرعلاج ہے، مفرورشہباز کی تلاش جاری ہے۔
مزید پڑھیں: فائرنگ سے نوجوان ہلاک، رانا ثناء کی خاتون اینکر سے غیرمہذبانہ گفتگو