کراچی: شہر قائد کے علاقوں ڈیفنس اور کلفٹن میں پالتو کتوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیفنس اور کلفٹن کے پالتو کتے اب رجسٹرڈ ہوں گے، کنٹونمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ کلفٹن اور ڈیفنس میں کتا رکھنے والے افراد کو کوائف جمع کروانا ہوں گے، اس سلسلے میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن نے رجسٹریشن فارم بھی جاری کر دیے۔
ڈیفنس فیز سکس میں چند دن قبل دو کتوں نے ایک راہ گیر وکیل پر حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا تھا، جس کے بعد کنٹونمنٹ حکام نے پالتو کتوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا۔
ایک کتے کی رجسٹریشن فیس 2250 روپے ہوگی، کتوں کو کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کے ایکشن 119 کے تحت رجسٹرڈ کروایا جائے گا، جب کہ کتے کی رجسٹریشن کی اجازت دینے یا نہ دینے کا اختیار بورڈ کے پاس ہوگا۔
سی بی سی کی جانب سے تنبیہ کی گئی ہے کہ رجسٹریشن نہ کروانے والے کتوں کے مالکان کو جرمانے کیے جائیں گے۔
کراچی
ڈیفنس میں وکیل پر پالتو کتوں کا حملہ
وکیل زخمی میں درخشاں تھانے میں مقدمہ درج
پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا pic.twitter.com/j723uc1t6K— RegionalTelegraph (@RegnlTelegraph) June 21, 2021
خیال رہے کہ کتوں کے کاٹے کے واقعات اتنے زیادہ بڑھ گئے ہیں، کہ اب سندھ بھر میں 18 لاکھ آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے، جس کے لیے 75 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے انڈس اسپتال کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔
سندھ میں آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے 75 کروڑ روپے کا منصوبہ
محکمہ بلدیات سندھ نے ریبیز کنٹرول پروگرام کے نام سے یہ نیا منصوبہ منظور کر لیا ہے، آوارہ کتوں کو ویکسین، چِپ، ٹیگ لگانے سمیت دیگر اخراجات پر 75 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
دستاویزات کے مطابق کتوں کی 18 لاکھ کی آبادی 40 فی صد پِلّوں، 35 فی صد ماداؤں اور 25 فی صد نر کتوں پر مشتمل ہے، آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے الگ سے 80 ڈاکٹر بھرتی کیے جائیں گے۔
آوارہ کتوں کی ویکسینیشن کی جائے گی، جن پر ویکسین کا اثر 3 سال تک رہے گا، کتوں کو کنٹرول کرنے اور کاٹنے سے روکنے کے لیے جدید طریقے استعمال ہوں گے۔