تازہ ترین

پالتو کتوں کا ہولناک حملہ: 6 ماہ بعد زخمی ماں صحت یاب، دل گرفتہ خاندان کو مالی مدد کی ضرورت

امریکا میں پالتو کتوں کے کمسن بچوں اور ماں پر ہولناک حملے کے 6 ماہ بعد ماں صحت یابی کی طرف گامزن ہے جبکہ خاندان کی مالی مدد کے لیے فنڈز بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں، دل دہلا دینے والے واقعے میں دونوں کمسن بچیاں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھی تھیں۔

یہ افسوس ناک واقعہ امریکی ریاست ٹینیسی کے علاقے ملنگٹن میں پیش آیا تھا، امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاندان کے گھر میں 2 پٹ بل کتے گزشتہ 8 سال سے موجود تھے اور اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔

21 اکتوبر 2022 کے روز کتوں نے اچانک گھر میں موجود 2 سال اور 5 ماہ کی بچیوں کو بھنبھوڑ ڈالا، اس دوران ماں نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی اور وہ ان کے اوپر لیٹ گئی جس کے بعد کتوں نے اسے بھی بھنبھوڑ دیا۔

10 منٹ طویل حملے میں دونوں بچیاں دم توڑ گئیں، جبکہ 30 سالہ ماں کو زخموں سے چور اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کے پورے جسم پر ٹانکے لگائے گئے تھے۔

حملے کے وقت والد کولبی بینرڈ گھر پر نہیں تھے چنانچہ وہ محفوظ رہے۔

ایک عزیز کے مطابق ماں کرسٹی جین کو حملے کے بعد اسپتال لایا گیا تو ان کے پورے جسم اور چہرے پر نوچنے کھسوٹنے کے نشانات تھے، ’ڈاکٹر نے ان کے پورے جسم کو پٹیوں سے ڈھک دیا، بظاہر جسم کو کوئی بڑا اندرونی نقصان نہیں پہنچا، سوائے دل کے، جسے اس حادثے سے سنبھلنے کے لیے بہت وقت درکار ہوگا۔‘

امریکی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ اہل خانہ ناواقف ہیں کہ کس چیز نے کتوں کو اتنا پرتشدد کیا کہ انہوں نے اچانک بچوں پر حملہ کردیا۔

واقعے کے بعد دونوں کتوں کو اینیمل کنٹرول ادارے کی حفاظتی تحویل میں دے دیا گیا تھا جہاں انہیں موت کے انجکشن دے دیے گئے تھے۔

خاندان کے علاج اور ان کی مدد کے لیے کولب کے دوستوں کی جانب گو فنڈ می پر ان کے لیے فنڈز اکٹھے کیے جارہے ہیں، دوستوں کا کہنا ہے کہ یہ خاندان ایک بڑے صدمے سے گزرا ہے اور انہیں معمول کی زندگی کی طرف آنے اور اپنے کام کاج پر واپس لوٹنے کے لیے وقت درکار ہوگا اور تب تک انہیں معاشی تعاون کی ضرورت ہوگی۔

Comments

- Advertisement -