میلبرن: سچن ٹنڈولکر کی وکٹ حاصل کر کے کیریئر کا آغاز کرنے والے نامور آسٹریلوی بولر پیٹر سڈل نے انٹرنیشنل کرکٹ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خیر باد کہہ دیا۔
دائیں ہاتھ کے بولر نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے کے باوجود فائنل الیون کا حصہ نہ بنانے کے بعد ہر طرح کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
سخت محنت کے بعد اسکواڈ میں شامل پیٹرسڈل کو نیوزی لینڈ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں آخری موقع بھی نہیں دیا گیا اور میچ کے اختتام کے ساتھ ہی انہوں نے 11 سالہ انٹرنیشنل کرکٹ کا اختتام کر دیا۔
35 سالہ پیسر نے 67 ٹیسٹ میچوں میں 221 وکٹیں حاصل کیں اور وہ 200 سے زائد وکٹ حاصل کرنے والے 17 ویں آسٹریلوی بولر قرار پائے۔
پیٹر سڈل نے ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر کی وکٹ حاصل کر کے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 2010 کی ایشیز سیریر میں آئیکونک گابا ٹیسٹ کے دوران اپنی سالگرہ کے دن ہیٹ ٹرک کر کے انہوں نے شائقین کے دل جیت لیے تھے۔
پیسر کی دو سالہ جدوجہد کے بعد 2019 کی ایشیز سیریز میں واپسی ہوئی تھی اور کریئر کا آخری میچ بھی انگلینڈ کے خلاف رواں سال ایشیز سیریز میں کھیلا تھا۔