منگل, نومبر 19, 2024
اشتہار

پرتھ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے بھارت کو 146 رنز سے شکست دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

پرتھ: آسٹریلیا نے بھارت کو پرتھ ٹیسٹ میچ میں 146 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی، اسپنر نیتھن لیون کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کینگروز نے بھارت کو جیت کے لیے 287 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 140 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کپتان ویرات کوہلی صرف 17 رنز بناسکے۔

کھیل کے پانچویں اور آخری روز بھارت نے 115 رنز 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو مجموعی اسکور میں صرف 28 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔

- Advertisement -

بھارت کے ہانوما ویہاڑی 28 اور رشبا پانت 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اومیش یادیو 2، ایشانت شرما اور جیسپرت بمرا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

مزید پڑھیں: پرتھ ٹیسٹ : بھارت 283 رنز پر آؤٹ، آسٹریلیا کو چار وکٹ پر175 رنز کی برتری

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون اور مچل اسٹارک نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنس نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر آف اسپنر نیتھن لیون کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 326 اور دوسری اننگز میں 243 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 283 اور دوسری اننگز میں 140 رنز بناسکی۔

خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 31 رنز سے شکست دی تھی، چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں