اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

مسلم لیگ ن کے ایک اور رہنما رانا مبشر اقبال بھی نیب کے ریڈار پر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) میں زمین پر قبضے کی شکایت درج کروادی گئی، نیب درخواست کا جائزہ لے کر کارروائی کا آغاز کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے بعد مسلم لیگ ن کے ایک اور رکن قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال بھی قومی احتساب بیورو (نیب) کے ریڈار پر آگئے۔ رانا مبشر کے خلاف ایک بیوہ خاتون نے نیب میں شکایت درج کروائی ہے۔

خاتون نے اپنی زمین پر مبینہ قبضے درخواست نیب میں درج کروائی ہے۔

درخواست گزار خاتون کا کہنا ہے کہ خیابان امین ہاؤسنگ سے مل کر رانا مبشر اور ان کے ساتھیوں نے ان کی زمین پر قبضہ کیا ہے۔ رانا مبشر نے ملی بھگت سے ریکارڈ میں بھی جعلسازی کی ہے۔

نیب لاہور نے بیوہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے رانا مبشر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ نیب کو سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کے خلاف بھی کروڑوں روپے کی بے ضابطگی کی شکایت موصول ہوئی ہے۔ رانا ثنا اللہ پر فیصل آباد میں انڈر پاس کا نقشہ تبدیل کروانے کا الزام ہے۔

شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ انڈر پاس کا روٹ تبدیل کر کے من پسند افراد کو کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔

ذرائع کے مطابق نیب سابق صوبائی وزیر کے خلاف درخواست کا جائزہ لے رہی ہے جس کی تصدیق کے بعد کاروائی شروع کردی جائے گی۔

اس سے قبل سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف بھی 8 الزامات پر تحقیقات شروع کی جاچکی ہیں۔ ان الزامات میں ریاستی اداروں کے فنڈز، سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال، اثاثے خریدنے اور پی ٹی وی میں لیگی ورکرز کی بھرتیاں شامل ہیں۔

علاوہ ازیں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، ان کے بھائی سلمان رفیق اور رکن اسمبلی قمر الاسلام بھی مختلف کرپشن مقدمات میں نیب کی زیر حراست ہیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کے سزا یافتہ ہیں اور فی الحال ضمانت پر رہا ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں