لاہور: ہائی کورٹ نے عوامی تحریک کے وکیل کو قیادت سے دھرنے کے بارے میں تفصیلی ہدایات لے کر پیش ہونے کا حکم دے دیا اور کہا ہے کہ قانون پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، تفصیلات دیے بغیر صبح تک دھرنے کے انتظامات نہ کیے جائیں۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے تاجر نعیم میر کی درخواست پر سماعت کی جس میں عوامی تحریک کے مال روڈ پر دھرنے کے اعلان کو چیلنج کیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے واضح کیا کہ مال روڈ پر دفعہ 144 کا نفاذ ہے اور عدالت بھی مال روڈ پر احتجاج کے خلاف حکم دے چکی ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ عوامی تحریک کی جانب سے ابھی تک احتجاج کے لیے کوئی باضابطہ درخواست نہیں دی گئی۔
عوامی تحریک کے وکیل اشتیاق چوہدری نے بتایا کہ احتجاج کا مقام پنجاب اسمبلی سے تبدیل کر کے استنبول چوک کردیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل اسد منظور بٹ نے نشاندہی کی مال روڈ پر احتجاج کرنا عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کروانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ دھرنے کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جس پر عدالت نے حکم دیا کہ قانون پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے جب کہ عوامی تحریک کے وکیل اپنے رہنماؤں سے ہدایات لے کر پیش ہوں۔
درخواست پر مزید سماعت صبح نو بجے دوبارہ ہوگی۔
مزید پڑھیں : سانحہ ماڈل ٹاؤن: 16 اگست کوخواتین کا دھرنا ہوگا: ڈاکٹرطاہرالقادری
پاکستان عوامی تحریک کا ردِ عمل
ترجمان پاکستان عومی تحریک نے کہا ہے کہ قانون اور عدالتی فیصلہ کا احترام کرتے ہیں، ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے لیے تین سال سے انصاف مانگ رہے ہیں مگر ابھی تک کہیں شنوائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے سے متعلق عدالت نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم کل ہمارے رہنماء عدالت میں پیش ہوکر اپنا مؤقف ضرور پیش کریں گے اُس کے بعد عدالت کوئی فیصلہ جاری کرے گی۔
پی اے ٹی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مال روڈ پر دھرنا پاکستان عوامی تحریک یا پھر طاہر القادری کی طرف سے نہیں تھا بلکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین سے اس کا اعلان خود کیا تھا تاہم ڈاکٹر صاحب اُن سے اظہار ہمدردی کے لیے ضرور جاتے۔
یاد رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے بیرونِ ملک سے واپسی پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے لاہور میں دھرنے کا اعلان کیا تھا۔
تازہ اطلاعات کے مطابق عوامی تحریک نے دھرنا لاہور میں واقع استنبول چوک پر منتقل کردیا ہے اور وہاں ہنگامی طور پر انتظامات شروع کردیے ہیں۔