لاہور : فلم جوائے لینڈ کی نمائش کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ، جس میں کہا ہے کہ فلم اسلامی معاشرے میں خاندانی نظام کو توڑ سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں جوائے لینڈ فلم کی نمائش کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فلم پاکستان کی اخلاقی اور مذہبی اقدار کے خلاف بنائی گئی ہے، فلم اسلامی معاشرے میں خاندانی نظام کو توڑ سکتی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سنسرشپ سرٹیفکیٹ اور فلم کے لائسنس کو منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے۔
یاد رہے اسکر ایوارڈ کے لیے نامزد فلم ’جوائے لینڈ‘ کو کل وفاق کی جانب سے نمائش کی اجازت دی گئی تھی ، جس کے بعد پنجاب حکومت نے اس پر پابندی عائد کر دی تھی۔
پنجاب کے محکمہ اطلاعات و ثقافت نے ’جوائے لینڈ‘ کی نمائش پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا ، جس میں پروڈیوسر سرمد کھوسٹ کو ہدایت جاری کی گئی۔