اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے سپریم کورٹ میں این اے 75 ڈسکہ کے نتائج پر الیکشن کمیشن کے فیصلہ کیخلاف اپیل پر جلد سماعت کی درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق این اے 75 ڈسکہ کے نتائج پر الیکشن کمیشن کے فیصلہ کیخلاف اپیل پر جلد سماعت کی درخواست دائر کردی گئی ، پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی نے متفرق درخواست دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ معاملہ اہم نوعیت کاہے، الیکشن کمیشن نے18مارچ کوری پول کاحکم دےرکھاہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے پر دائر اپیل پر 10 مارچ کو سماعت کی جائے۔
یاد رہے 5 مارچ کو پی ٹی آئی امیدوارعلی اسجد نے این اے 75 ڈسکہ کے نتائج پر الیکشن کمیشن کے فیصلہ کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ضمنی الیکشن کالعدم قرار دے کر نیا الیکشن کرانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور 19فروری کےاین اے75ڈسکہ کےانتخابی نتائج جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے الیکشن کمیشن نے این اے75 کا ضمنی انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے 18 مارچ کو تمام پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا حکم دیا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ حلقے میں شفافیت کو مدنظر نہیں رکھا گیا، فائرنگ،ہلاکتوں کیساتھ امن وامان کی خراب صورتحال رہی، خراب صورتحال کے باعث ووٹرز کیلئے ہراسمنٹ کا ماحول پیداہوا، جس سے نتائج کےعمل کو مشکوک اورمشتبہ بنایا گیا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے این اے 75 ڈسکہ ضمنی انتخاب کالعدم قرار دیے جانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو چیلنج کرنےکی منظوری دیتے ہوئے عثمان ڈار اور قانونی ٹیم کوعدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔