لاہور : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی پیرول کی پررہائی کی درخواست جمع کرادی گئی ، جس میں بیگم شمیم کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے دو ہفتے کی پیرول پررہائی کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف اوراپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کی والدہ کے انتقال کے بعد ڈپٹی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) عطا اللہ تارڑ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پررہائی کی درخواست ڈپٹی کمشنر کو جمع کرا دی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہباز شریف قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی اور حمزہ شہباز قائد حزب اختلاف پنجاب ہیں اور ان سے پورے ملک سے لوگوں نے تعزیت کرنے آنا ہے، ماں کے دنیا سے رخصت ہو جانے سے بڑا اور صدمہ کوئی نہیں، اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کے ساتھ اس غم میں شریک ہونے کے لیے دونوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
دائر درخواست میں شہباز شریف کو اپنی والدہ اور حمزہ شہباز کو اپنی دادی کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے دو ہفتے تک پیرول پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔
خیال رہے گذشتہ روز نوازشریف اورشہباز شریف کی والدہ محترمہ شمیم اختر کا لندن میں انتقال ہوگیا تھا ، وہ کافی عرصے سے علیل تھیں اور لندن میں نوازشریف کے ساتھ ہی مقیم تھیں۔