اسلام آباد : سپریم کورٹ میں نندی پور پاورپلانٹ میں کرپشن کے معاملے پر اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی گئی جبکہ چیئرمین واپڈ اور سیکریٹری توانائی کوطلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نندی پور پاور پلانٹ کی آؤٹ سورسنگ میں کرپشن کے معاملے پر سپریم کورٹ میں کرپشن کیخلاف دائر آئینی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اکتیس مئی کو کرے گا۔
عدالت نے چیئرمین واپڈا اور سیکریٹری توانائی کو طلب کرلیا ہے جبکہ اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔
خیال رہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کی تعمیر کا ٹھیکہ جنوری 2008 میں چینی کمپنی کو دیا گیا تھا، 23 ارب سے شروع ہونے والا منصوبہ 2015 میں چوراسی ارب میں مکمل ہوا تھا اور پاور پلانٹ سے مہنگی ترین بجلی بیالیس روپے فی یونٹ پیدا کی گئی۔
نندی پور پاور پلانٹ کا افتتاح سال 2014ء کو وزیراعظم نواز شریف نے کیا تاہم یہ منصوبہ اول روز سے ہی متنازع رہا۔
یاد رہے کہ فروری 2017 میں حکومت نے نندی پور پاور پلانٹ چین کے حوالے کر دیا تھا، حکومت اور چینی کمپنی کے درمیان آپریشن اور بحالی کا دس سالہ معاہدہ ہوا تھا۔