اسلام آباد: حکومت نےعوام کی جیبوں پر ایندھن بم پھوڑ دیا۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 1، 1 روپے اضافے کا اعلان کردیا گیا۔ اضافے کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 1، 1 روپے اضافے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ اپریل میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 1، 1 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 74 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 83 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔ عالمی قیمتوں کو مکمل طور پر منتقل نہ کرنے کے باعث اب تک حکومت کو 100 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات معمول کی بات ہیں۔ کوئی نیا پروگرام نہیں لیا جارہا ہے۔ مذاکرات منگل یا بدھ کی صبح تک مکمل کر لیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 2 روپے اضافہ کی تجویز
یاد رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وزارت خزانہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی جو سمری ارسال کی تھی اس میں مٹی کے تیل کی قیمت میں 13 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔
سمری میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 75 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔