اسلام آباد: رمضان سے پہلے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں 9 روپے 42 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 89 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 46 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا۔
ہائی اسپیڈل ڈیزل کی قیمت 4 روپے 89 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 32 پیسے فی لیٹرمقرر ہوگئی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 86 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ایف بی آر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لاگو ٹیکس میں اضافے کی نئی شرح بھی جاری کردی ہے۔ پیٹرول پر جی ایس ٹی 2 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کردیا۔
ہائی اسپیڈ اور لائٹ ڈیزل پر ٹیکس کی یکساں شرح بڑھا کر 17 فیصد کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل پر جی ایس ٹی 8 فیصد سے بڑھا کر17 فیصد کردیا گیا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، قیمتوں میں اضافے کا بوجھ حکومت اور عوام کو مل کر برداشت کرنا پڑے گا۔
یاد رہے کہ اوگرا نے پیٹرول 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرکے 113 روپے کرنے کی سفارش کی تھی، تاہم وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ ای سی سی کو بھجوایا تھا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے اضافے کی سفارش کی تھی۔