اسلام آباد : 15 اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں بڑے اضافے کا امکان ہے، جس سے عوام کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی تجویز سامنے آگئی ، عالمی مارکیٹ میں خام کی قیمتوں میں اضافہ کے رجحان کے باعث پاکستان میں قیمتوں اضافے کا امکان ہے۔
دو ہفتے میں لندن برینٹ آئل 6.90 ڈالر فی بیرل مہنگا ہوا اور لندن برینٹ آئل 71.98 ڈالر سے بڑھ کر 78.88 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی تجویز بھیج دی گئی ہے، جس میں ایک لیٹر پیٹرول 4 روپے تک مہنگا کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، منظوری کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 247.03 روپے سے بڑھ کر 250.98 روپے کا ہوجائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل 10روپے25 پیسے تک مہنگا کرنے کی تجویز ہے، منظوری کے بعد ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل 246.29 روپے سے بڑھ کر 256.54 روپے کا ہوگا
اسی طرح ایک لیٹر مٹی کا تیل 7 روپے 85 پیسے اور ایک لیٹر لائٹ اسپیڈ ڈیزل 8 روپے 33 پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ منظوری ملنے کے بعد نئی قیمتوں پر اطلاق 16 اکتوبر سے ہوگا، اس تجویز میں او ایم سی مارجن اور ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تجویز شامل نہیں ہے۔