کراچی: شہر قائد میں سپر ہائی وے، چاکر ہوٹل کے قریب پیٹرول پمپ پر ہونے والی ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
یہ واقعہ 5 جنوری کی رات پیش آیا تھا، جس کا مقدمہ درج کیا جا چکا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واردات میں لٹیرے 2 سے 3 لاکھ روپے نقدی اور سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ لے کر فرار ہوئے تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک موٹر سائیکل پر 3 لٹیروں کو دیکھا جا سکتا ہے، ایک ڈاکو نے ٹہلنے کے انداز میں جا کر کونے میں کرسی پر بیٹھے سیکیورٹی گارڈ کو قابو کیا اور اس سے اسلحہ چھینا، ڈاکو نے اس پر تشدد بھی کیا۔
لٹیرے پیٹرول پمپ کے ملازم اور سیکیورٹی گارڈ کو تشدد کے بعد ایک کمرے میں لے گئے تھے، اور رقم لوٹنے کے بعد بہ آسانی فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لٹیروں کی تلاش جاری ہے، ڈکیتی کا مقدمہ درج ہو چکا ہے، جلد ہی ملزمان کو تلاش کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے ساتھ ساتھ پیٹرول پمپوں پر بھی تواتر کے ساتھ ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں، پولیس انھیں روکنے میں پوری طرح ناکام ہے۔