کراچی: صوبہ سندھ میں شام 5 بجے کے بعد تمام پیٹرول پمپس بھی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے تمام کمشنرز اور ڈی آئی جیز کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ شام 5 بجے کے بعد پیٹرول پمپس بھی بند کرائےجائیں۔
پیٹرول پمپس اور ٹائر پنکچر شاپس کے حوالے سے محکمہ داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ شہر میں پیٹرول پمپس صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلیں گے، تاہم ہائی ویز پر پیٹرول پمپس اور ٹائر پنکچر شاپس کھلے رہیں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ پیٹرول پمپس کو بھی مقررہ اوقات کے بعد بند کرایا جائے گا، پابندی کا اطلاق سندھ کے تمام شہروں پر ہوگا۔
کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مریض جان کی بازی ہار گئے
خیال رہے کہ سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران صبح 8 سے لے کر شام کے 5 بجے تک ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رکھنے کے احکامات پر عمل در آمد کیا جا رہا ہے، شام پانچ بجے کے بعد تمام دکانیں بند کی جا رہی ہیں، پیٹرول پمپس اس سے مستثنیٰ تھے تاہم اب انھیں بھی بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مزید مریض آج جان کی بازی ہار گئے ہیں، جس کے بعد شہر میں اب تک کرونا وائرس سے ہلاکتیں 3 ہو گئی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی ہے۔