اسلام آباد: سینیٹ میں پیش کردہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں کی تفصیلات کے مطابق پیٹرول پر ٹیکسز کی مد میں 26 روپے 50 پیسے فی لیٹر وصول کیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردی گئیں۔ پیش کی گئی دستاویز کے مطابق پیٹرول پر ٹیکسز کی مد میں 26 روپے 50 پیسے فی لیٹر وصول کیے جا رہے ہیں، ڈسٹری بیوشن اینڈ ٹرانسپورٹیشن اخراجات کے 9 روپے 84 پیسے فی لیٹر لیے جا رہے ہیں۔
دستاویز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر فی لیٹر 39 روپے 96 پیسے ٹیکسز وصول کیے جا رہے ہیں، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسپورٹیشن اخراجات 7 روپے 21 پیسے فی لیٹر ہیں۔ مٹی کے تیل پر 15 روپے 86 پیسے فی لیٹر ٹیکس اور 15 روپے 86 پیسے ڈسٹری بیوشن اینڈ ٹرانسپورٹیشن اخراجات وصول کیے جارہے ہیں۔
ایوان میں پیش کردہ دستاویز کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل پر 11 روپے 72 پیسے فی لیٹر ٹیکسز اور 2 روپے 38 پیسے فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اینڈ ٹرانسپورٹیشن اخراجات وصول کیے جارہے ہیں۔
دستاویز کے مطابق پیٹرول کی قیمت خرید 62 روپے 55 پیسے اور قیمت فروخت 98 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہے، ڈیزل کی قیمت خرید 70 روپے 26 پیسے اور فروخت 117 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت خرید 69 روپے 65 پیسے، قیمت فروخت 89 روپے 31 پیسے، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت خرید 66 روپے 44 پیسے اور قیمت فروخت 80 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہے۔