اسلام آباد : حکومت نے پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر کمی کرکے عوام کو عید کا تحفہ دے دیا جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے آئندہ 15 دن کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کردیا، جس میں پٹرول ایک روپیہ فی لٹر سستا کرنے کی نوید سنائی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر کمی کردی گئی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 254 روپے 63 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بارہ بجے سے ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت ڈی ریگولیٹڈ ہے اس لیے اس کی قیمتیں بعد میں جاری کی جائیں گی، اس کے علاوہ ہائی اوکٹین کی فی لیٹر قیمت کا اعلان بھی آج ہی ہوگا۔
ہائی اوکٹین کے حوالے سے اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ اس پر جو 50 روپے کی لیوی ہے اس میں 20 روپے اضافہ کرکے 70 روپے کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حکومت نے 15 روز قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 255 روپے 63 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی تھی۔