اسلام آباد : حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں حالیہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے حکم نامہ جاری کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 255 روپے 63 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کیقیمت 258 روپے 64 پیسے رہے گی۔
وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مٹی کاتیل 168روپے 12پیسے فی لیٹر برقرار رہے گا۔
اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 153 روپے 34پیسے رہے گی، نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی مذکورہ قیمتیں آئندہ 15روز کیلئے نافذالعمل رہیں گی۔
واضح رہے کہ قبل ازیں وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھ کر بجلی صارفین کو ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا۔
شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ وہ جلد بجلی کی قیمتوں میں عوام کو بڑا ریلیف دینے جارہے ہیں اور اس حوالے سے وہ خود قوم سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھ کر فائدہ عوام کو بجلی کے بلوں میں دیا جائے گا، انہوں نے کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مالی فائدہ بجلی کی قیمتوں میں عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے پیکیج کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔