اسلام آباد : سیکریٹری جنرل پی ایف یوجے راناعظیم نے مریم نواز اور پرویزرشید کی مبینہ آڈیو سامنے آنے کے بعد ن لیگ کیخلاف عدالت جانے اور بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل رانا عظیم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور پرویزرشید کی مبینہ آڈیو کی مذمت کرتا ہوں ، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے صحافت کی آواز دبانے کی کوشش کی۔
صدرپی ایف یوجے کا کہنا تھا کہ یہ ثابت کرتاتھانوازشریف کا دور آمریت سے بھی سیاہ دور تھا، نواز شریف کیلئے عدالت جانیوالے سینئر تجزیہ کاروں اور اینکرز پر افسوس ہے۔
مریم نواز کے حوالے سے راناعظیم نے کہا کہ پاور فل خاتون کے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا مگر اختیارات وزیراعظم سے لے کر وزیراطلاعات تک کے تھے۔
راناعظیم نے کہا کہ ن لیگ کا صرف بائیکاٹ نہیں بلکہ احتساب بھی کریں گے ، ن لیگ کیخلاف پہلے بھی عدالت گیا اب بھی جاؤں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پرویز رشید کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، پرویزرشید کسی ایک صحافی نہیں بلکہ سب پر حملہ کررہےہیں، صحافیوں کوپرویزرشید کی میڈیا سے گفتگو کا بائیکاٹ کرنا ہوگا۔