پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ نے اے آر وائی نیوز کی نشریات بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اگر فوری طور پر نشریات بحال نہ کی گئیں تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی بندش پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ سمیت ملک کی مختلف صحافتی تنظیموں نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔
پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، سیکریٹری جنرل ارشد انصاری اور سیکریٹری فنانس لالہ اسد پٹھان نے اے آر وائی نیوز کی نشریات کی بندش کی سخت مذمت کی ہے۔ صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ اےآروائی نیوز کی آواز بند کر کے آزادی صحافت کا گلہ گھونٹا جا رہا ہے لیکن ایسے اقدامات سے حق اور سچ کی آواز نہیں دبائی جا سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اے آر وائی نیوز کی نشریات فوری طور پر بحال کی جائیں بصورت دیگر ملک گیر احتجاج کیا جائیگا۔
راولپنڈی اسلام آباد الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن نے بھی اے آر وائی نیوز کی بندش پر احتجاج کی کال دے دی ہے۔ جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نشریات بند کرنا آزادی صحافت پر حملہ ہے، حکومت سچائی کا سامنا کرے۔
کراچی، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، اٹک کی صحافتی تنظیموں، فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار نے بھی اے آر وائی نیوز کی نشریات بند کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پیمرا نے کیبل آپریٹرز کو اے آر وائی کی نشریات بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جس کے بعد اسلام آباد، لاہور، کراچی، راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں نشریات بند ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے واضح احکامات ہیں کسی چینل کو بند یا نمبر تبدیل نہیں کیاجاسکتا، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود اے آر وائی نیوز کی نشریات کیبل پر بند کی جارہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے آر وائی نیوز کی نشریات حکومتی میڈیا سیل کا بھانڈا پھوڑنے پر بند کی جارہی ہیں۔