انقرہ: ترکی میں کرونا وائرس ویکسین ’ کرونا ویک‘ کے تیسرے مرحلے کے تجربات کامیاب رہے۔
تفصیلات کے مطابق ترکی میں ہونے والے کرونا ویک کے فیز کے تجربات کے نتائج طبی جریدے دی لانسٹ میں شائع ہوئے ہیں، تجربات کے عبوری اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ ویکسین کی 2 ڈوز انفیکشن کے خلاف 83.5 فی صد تحفظ فراہم کرتی ہیں۔
آخری مرحلے کے یہ تجربات چین کی ویکسین کرونا ویک کے سلسلے میں تھے، جس میں 10 ہزار سے زائد ترک رضاکاروں سے حصہ لیا، یہ ویکسین چینی کمپنی سائنوویک نے تیار کی ہے۔
ابتدائی نتائج سے پتا چلتا ہے کہ کرونا ویک اینٹی باڈی کا بھر پور دفاع کرتی ہے، ترکی میں کیے گئے دس ہزار افراد پر تجربات کی روشنی میں یہ بات واضح ہوئی کہ اس ویکسین سے کسی قسم کے سنگین ضمنی اثرات یا اموات کی اطلاع نہیں ملی، زیادہ تر مضر اثرات ہلکے تھے، جو انفیکشن کے 7 دن کے اندر وقوع پذیر ہوئے۔
شائع شدہ مقالے میں بتایا گیا ہے کہ خطرات کا باعث بننے والی تمام اقسام کے کرونا وائرسز کی روک تھام کے لیے اس ویکسین کے تجربات جاری ہیں۔