منیلا: فلپائن میں سمندری طوفان یاگی نے کئی صوبوں میں تباہی مچا دی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 14 افراد ہلاک ہو گئے۔
روئٹرز کے مطابق مقامی ڈیزاسٹر ایجنسی نے پیر کے روز بتایا کہ فلپائن میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے چودہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں، سمندری طوفان یاگی نے دارالحکومت منیلا اور قریبی صوبوں میں شدید بارشوں کی وجہ بننے کے بعد تباہی پھیلا دی ہے۔
منیلا میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ہیں، کچھ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں کی چھتوں تک جمع ہو گیا، دفاتر اور اسکول بند کر دیے گئے، 105 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں ہر شے کو اڑا لے گئیں۔
قدرتی حادثات کے ادارے کے سربراہ کا جانی نقصان کے بارے میں کہنا تھا کہ منیلا کے مشرق میں واقع علاقے اینٹی پولو ایک پہاڑی علاقہ ہے اور یہ لینڈ سلائیڈنگ کا شکار علاقہ ہے، مقامی رہائشیوں کو کافی عرصے سے ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ یہ علاقہ چھوڑ کر دوسرے مقامات پر منتقل ہوں۔
حکام کے مطابق یاگی رواں سال فلپائن میں آنے والا پانچواں سمندری طوفان ہے۔ فلپائن میں عام طور پر سالانہ اوسطاً 20 سمندری طوفان ریکارڈ کیے جاتے ہیں، اور ان میں سے اکثر طوفانوں میں جو ہلاکتیں ہوتی ہیں اس کی بڑی وجہ لینڈ سلائیڈنگ ہوتی ہے۔