بینکاک: تھائی لینڈ نے پُکیٹ جزیرے کو غیر ملکیوں کے لیے دوبارہ کھول دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ نے اپنے معروف تفریحی جزیرے پُکیٹ کو غیر ملکیوں کے لیے قرنطینہ کی پابندی کے بغیر دوبارہ کھول دیا ہے، جزیرے نے سیاحوں کی پہلی پرواز کو خوش آمدید کہہ دیا۔
جمعرات کی صبح متحدہ عرب امارات سے ایک پرواز غیر ملکیوں کے پہلے گروپ کو لے کر پُکیٹ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گزشتہ روز پہنچی، تقریباً 30 سیاح پی سی آر ٹیسٹ کروانے کے بعد ہوٹل میں منتقل ہو گئے۔
تھائی میں ان ممالک سے آنے والوں کو قرنطینہ کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہے جنھیں حکومت نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کے حوالے سے کم از کم درمیانے خطرے والے درجے میں رکھا ہے، اور ان سیاحوں نے مکمل ویکسینیشن بھی کروالی ہو۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی دوبارہ آمد کا آغاز ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب تھائی لینڈ مارچ سے کرونا وائرس انفیکشنز کے دوبارہ پھیلاؤ پر قابو پانے کی جدوجہد کر رہا ہے، دارالحکومت بینکاک میں بھی رواں ہفتے ہی سخت معاشی اقدامات عائد کیے گئے ہیں۔
اگرچہ تھائی لینڈ میں ہر جگہ ہوٹل قرنطینہ ضروری ہے، تاہم پکیٹ میں سیاح آزادانہ طور پر پورے جزیرے پر گھوم پھر سکتے ہیں، لیکن وہ 14 دنوں تک ملک کے کسی دوسرے حصے کو نہیں جا سکتے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ ابھی بھی بار بار ٹیسٹس اور لازمی ٹریکنگ ایپس جیسی پابندیاں لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث ہو سکتی ہیں تاہم طویل لاک ڈاؤن کے بعد ان کے لیے پکیٹ کے مشہور خوب صورت سواحل پر ہالیڈے منانے کا خیال کھینچ سکتا ہے۔