کراچی : پی آئی اے کے محکمہ انجنیئرنگ کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پی آئی اے کے چار طیارے خراب ہوگئے، پروازوں کی روانگی میں تاخیر سے مسافر پریشان ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ انجنیئرنگ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پی آئی اے کے چار طیاروں میں خرابی پیدا ہوگئی،طیارے خراب ہونے کی وجہ سے قومی ایئرلائن کا فضائی آپریشن شدید بدنظمی کا شکار ہوگیا۔
پروازوں کی روانگی میں نو سے چودہ گھنٹے کی تاخیر ہورہی ہے،جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ، کراچی، ابوظہبی اور گوادر میں طیارے خراب ہونے کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک جانے والی پروازیں بدنظمی کا شکار ہیں۔
کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 300 تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہی ۔ برمنگھم سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 792 چودہ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی ۔
لاہور سے کرچی آنے والی پرواز پی کے 307 نو گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی، کوالالمپور سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 899 دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی۔
کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 368 دو گھنٹے تاخیر کا شکار رہی ، اسلام آباد سے ریاض جانے والی پروا ز پی کے 753 دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی ۔
پروازوں کی روانگی مین تاخیر کے حوالے سے مختلف ایئرپورٹس پر مسافروں کا پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔