کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے اخراجات میں کمی کے لئے یونین سے معاہدہ کیا ہے، ایئر لیگ سے کیے گئے اس معاہدے کے تحت حج آپریشن میں کیبن کریو کے لئے ہوٹل کی سہولت ختم کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے اخراجات میں کمی کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں، پی آئی اے کی یونین ایئر لیگ سے کیے گئے معاہدے میں طے کیا گیا ہے کہ حج آپریشن میں کیبن کریو کے لئے ہوٹل کی سہولت ختم کردی جائے گی۔
ہوٹل کی سہولت کے متبادل کی مد میں کیبن کریو کو رقم کی نقد ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوطرفہ حج پرواز کی واپسی پر کریو کو کیش ادائیگی کے نوٹیفکیشن کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بارہ گھنٹے سے زائد ڈیوٹی کرنے والے کیبن کریو کو پرواز کی واپسی پر پانچ ہزار روپے کی کیش ادائیگی کی جائے گی۔
اس سے قبل حج پروازوں پر تعینات کیبن کریو کو ہوٹل کی مد میں ایئر لائن کو64ملین سے زائد کے اخراجات کا سامنا تھا، معاہدے کے بعد کیش ادائیگی کی مد میں کیبن کریو کو ادا کی جانے والی رقم صرف 13 ملین رہ جائے گی،۔
ذرائع کے مطابق جدہ اور مدینہ میں ہوٹل کی سہولت کے خاتمے سے ایئر لائن کو پانچ کروڑ روپے سے زائد کی بچت ہوگی، معاہدے کے لئے قابل عمل تجاویز جی ایم فلائٹ سروسز یعقوب نعیم نے پیش کیں، اس حوالے سے سی ای او پی آئی اے نیر حیات کا کہنا ہے کہ معاہدے کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے متعلقہ قوانین کو مد نظر رکھا گیا ہے۔