کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے طیاروں کو مینٹننس کے لیے طویل عرصے تک گراؤنڈ کرنے سے 21 ارب 81 کروڑ سے زائد کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ کی غفلت کے باعث مینٹننس کی غرض سے طویل عرصے کے لیے طیارے گراؤنڈ کیے جانے کے سبب 21 ارب 81 کروڑ 50 لاکھ کا آپریشنل اور مالی نقصان ہوا ہے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق ہوائی جہازوں کی معمول کی مینٹننس میں 44 سے 239 دن کا وقت لیا گیا، انتظامیہ کو ستمبر 2023 میں اس معاملے سے آگاہ بھی کیا گیا تھا۔
انتظامیہ نے مؤقف پیش کیا ہے کہ مالی رکاوٹوں اور ادائیگیوں کے مسائل کے باعث بروقت مرمت و دیکھ بھال متاثر ہوئی، جب کہ آڈیٹر رپورٹ میں تقاضا کیا گیا ہے کہ انتظامیہ طیاروں کے طویل عرصہ گراؤنڈ رہنے اور دیگر متعلقہ مالی مسائل سے متعلق دستاویزی ثبوت فراہم کرے، آڈیٹر جنرل کے مطابق اس سے قبل بھی 38 ارب 40 کروڑ کی بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسی معاملے پر دوبارہ بے ضابطگیاں باعث تشویش ہیں۔