کراچی : قومی ایئرلائن ( پی آئی اے ) کی پہلی حج پرواز 397 عازمین کولےکر مدینہ روانہ ہوگئی، کراچی سے 7ہزار200 سے زائد عازمین کوحجازمقدس پہنچایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن ( پی آئی اے ) قبل از حج فلائٹ آپریشن کا کراچی سے آغاز ہوگیا ، پہلی حج پرواز پی کے743کراچی سے397عازمین کو لے کرعلی الصبح مدینہ روانہ ہوئی۔
قومی ایئرلائن چیف آپریٹنگ افسر خرم مشتاق اوردیگر نے عازمین کوروانہ کیا، پروازوں سے ملک بھر سے ڈھائی ہزار عازمین کوسعودی عرب پہنچایا جا چکا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حج آپریشن کیلئے بوئنگ 777 ، ایئربس 320 طیارے استعمال کررہی ہے، کراچی سے 7 ہزار 200 سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں عازمین کو لیکر پروازیں پاکستان سے مدینہ روانہ ہوں گی، دوسرے مرحلے عازمین حج کو لیکر پروازیں جدہ جائیں گی۔
قومی ایئرلائن کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پروازوں میں تقریباً 35200 سرکاری عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا، قبل از حج فلائٹ آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا۔