جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

پی آئی اے کا بوئنگ777طیارہ مرمت کے بعد دوبارہ بیٹرے میں شامل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : نیا مرمت ہونے والا بوئنگ777بی ایچ وی رجسٹریشن کا حامل طیارہ پی آئی اے کے بیٹرے میں شامل کرلیا گیا، طیارے نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے تک ناکارہ رہنے کے بعد دوبارہ اڑان بھرلی۔

تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کی کاوشوں کی وجہ سے عرصہ دراز سے ناکارہ کھڑا ہوا پی آئی اے کا بوئنگ777 طیارہ قابل استعمال بن گیا۔ انجنیئرز نے ڈیڑھ سال سے کھڑے ہوئے ناکارہ بوئنگ777کو قابل پرواز بنایا۔

پی آئی اے کے بوئنگ777 طیارے کے ناکارہ بننے کے متعلق اے آروائی نیوز نے خبر بریک کی تھی، خبر نشر ہونے کے بعد پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے نوٹس لیتے ہوئے پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارے کی مرمت کی ہدایت کی تھی۔ طیارے کو کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے308پر آپریٹ کیا گیا۔

پی آئی اے کے ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن کیپٹن عذیر نے پرواز کو آپریٹ کیا، طیارے کے ذریعے300 سے زائد مسافروں کو اسلام آباد پہنچایا گیا، اے آروائی نیوز نے بوئنگ777طیارے کے ناکارہ ہونے سے متعلق خبر بھی نشر کی تھی۔

بوئنگ777ڈھانچے میں تبدیل تھا اور پرندوں کی آماجگاہ بنا ہوا تھا۔ اے آروائی نیوز کی خبر پر سی ای او پی آئی اے نے نوٹس لیتے ہوئے طیارے کی مرمت کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے کہ پی آئی اے کابوئنگ777بی ایچ وی رجسٹریشن کا حامل طیارہ دوبارہ قابل پرواز ہونے کے بارے میں نا امیدی پائی جاتی تھی اس کو بالآخر قابل پرواز بنا لیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق نو مرمت بوئنگ777 طیارے کی آزمائشی پرواز کامیاب رہی، جس کے بعد طیارے کو باقاعدہ شیڈول میں شامل کر لیا گیا ہے۔

سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے تمام کارکنوں کو اس بڑی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شعبے جنہوں نے اس طیارے کی شیڈول میں واپسی کو کامیاب بنایا شاباش کے مستحق ہیں۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں