کراچی : پی آئی اے کیبن کریو کا فلائٹ شیڈول نہ ملنے کا بہانہ اب نہیں چلے گا، اب آپریشنل شیڈول موبائل فون، واٹس ایپ اور ای میل پرجاری ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے شعبہ فلائٹ سروس نے ڈسپیجر سروس ختم کردی ہے، ڈسپیجر کے ذریعے فضائی میزبان کو ڈیوٹی سے متعلق شیڈول روانہ کیا جاتا تھا۔
شبعہ فلائٹ سروس کی جانب سے جاری خط اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا، خط کے مطابق پی آئی اے نے تمام کیبن کریو کو خط کی ترسیل کا سلسلہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
کیبن کریوز کو اپنے موبائل فون نمبر فوری اپ ڈیٹ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، اب آپریشنل شیڈول موبائل فون، واٹس ایپ اور ای میل پرجاری ہوں گے، ڈیوٹی کا لیٹر متعلقہ بریفنگ کمرے میں دستیاب ہوگا۔