کراچی : قومی ادارے پی آئی اے کے سی ای او اکانومی کلاس کا ٹکٹ لے کر بزنس کلاس میں سفر کرتے ہوئے پائے گئے، ایئر ہوسٹس کے کے منع کرنے پر بری طرح ڈانٹ دیا۔
تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ اور لاجواب سروس کا دعویٰ کرنے والے پی آئی اے کے عہدیداران قوانین پرعملدرآمد کروانے کے بجائے خود ہی خلاف ورزی میں ملوث نکلے۔
ادارے کے نئے چیف ایگزیکٹو افسرکا خلاف قوانین اکانومی کلاس کے ٹکٹ پر بزنس کلاس میں سفر کا انکشاف ہوا ہے، فضائی میزبان کے منع کرنے پرضیا قادر قریشی نے بطور سی ای او فضائی میزبان کو جھاڑ پلا دی، مذکورہ واقعہ اسلام آباد سے کراچی کی پرواز نمبر پی کے 319 کے لیزطیارے پر پیش آیا۔
سی ای او نے اکانومی کلاس سیٹ نمبر5اے کے بجائے بزنس کلاس کی سیٹ نمبر3ڈی پر سفر کیا، سی ای او کی دیکھا دیکھی اکانومی کے دو مسافر بھی بزنس کلاس سیٹ نمبر3سی3ایف پر براجمان رہے۔
سی ای او نے کارروائی کے لئے پرواز کے پرسر سے خاتون فضائی میزبان کی تفصیلات بھی طلب کیں، سی ای او نے خاتون فضائی میزبان کے بزنس کلاس میں بیٹھنے سے منع کرنے پر ناپسندیدگی کا بھی اظہار کیا۔
نورالدین نامی پرسر کی جانب سے جی ایم فلائٹ سروسز کے نام اسٹیٹمنٹ میں واقعے کی تصدیق کی گئی ہے، واقعے کے حوالے سے تحریر کردہ اسٹیٹمنٹ کا ذکر پرواز کی لاگ بک میں بھی درج ہے، لاگ بک اوراسٹیمنٹ پر کارروائی کے بجائے پی آئی اے حکام معاملہ دبانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کو حج آپریشن میں بھی کروڑوں کا جھٹکا
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ائر لائن قوانین کے مطابق واقعے کی تحقیقات کرائی جانا ضروری ہیں، تاہم مذکورہ واقعہ غلط فہمی پر مبنی ہے، جس کی بنا پر اس معاملہ کو ختم کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پرجرمانہ عائد کردیا
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔