کراچی : پی آئی اے کی خاتون افسر کی جانب سے مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے کی شکایت کا سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے سختی سے نوٹس لے لیا، خاتون کی تحریری شکایات ایئرلائن کی وومن پروٹیکیشن کمیٹی کو بھیج دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے كی خاتون افسر نے اپنے سینئر افسر پر جنسی طور پر ہراساں كرنے كا الزام عائد كرتے ہوئے سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک اور چیف ہیومن ریسورسز کے نام ای میل میں اس کے خلاف كارروائی كا مطالبہ کیا ہے۔
اس معاملے پر پی آئی اے کے سی ای او نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تحریری شکایت منصفانہ تحقیقات کے لئے ایئر لائن وومن پروٹیکشن کمیٹی کو روانہ کردی اور ہدایات جاری کی ہیں کہ معاملے کی جلد از جلد تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
خاتون کا کہنا ہے كہ سینیئر افسر كی فون كالز كا سارا ریكارڈ موجود ہے، اگر كارروائی نہ كی گئی تو وزیر اعظم عمران خان اور چیف جسٹس پاكستان جسٹس آصف سعید كھوسہ كو درخواست دوں گی۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی تحقیقات کے بعد ان کی سفارشات پر مکمل عمل در آمد کیا جائے گا، موجودہ انتظامیہ خواتین کے حقوق اور ان سے کی جانے والی کسی بھی نا انصافی کے سد باب پر یقین رکھتی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے اس کو روکنے کیلئے منفی پروپیگنڈے کئے جارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ خاتون نے سی ای او کو میل کی تھی کہ ایک افسر اسے جنسی طور پر ہراساں کر رہا ہے مذکورہ خاتون پی آئی اے اسلام آباد میں بکنگ اینڈ ٹکٹنگ آفیسر ہے۔