لاہور : پی آئی اے کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ثاقب عزیز نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو مالی خسارے سے نکالنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ائیر پورٹ کے دورے کے موقع پر کیا، ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے اور نیا ریزرویشن اور ڈپارچر سسٹم اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
اس سسٹم سے پی آئی اے کو پرانے سسٹم کی بدولت پچاس فیصد بچت ہو گی۔ انہوں نے لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے کارکنان کو ائر لائن کی بہتری کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کارکنان ادارے کا اثاثہ ہیں اور ان کی کاوشوں سے ہی پی آئی ای کے طیارے اڑان بھرتے ہیں۔ پی آئی اے کی ترقی کے لئے تمام کارکنان کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور خلوص نیت سے ادا کرنا ہوں گی۔
لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجر عمر نواز گورایہ اور سٹیشن مینیجر عامر ملک نے چیئرمین کو بریفنگ دی۔ قبل ازیں انہوں نے سول ایوی ایشن کے افسران اے بھی ملاقات کی اور ائر پورٹ پر مسافروں کو سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔
ائر پورٹ مینیجر سردار سکندر نے ان کو سول ایوی ایشن کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔