کراچی : پی آئی اے نے ہوا بازوں کو جدید خطوط پر تربیت دینے کیلئے ایئر بس 320 کا فلائٹ سیمیولیٹر نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا، فلائٹ سیمیولیٹر سے پی آئی اے کو سالانہ لاکھوں ڈالر کی بچت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں اصلاحاتی عمل جاری ہے ، انتظامیہ نے ہوا بازوں کو جدید خطوط پر تربیت دینے کیلئے ایئر بس 320 کا فلائٹ سیمیولیٹر نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا،
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے رواں سال دسمبر 2021 کے وسط تک ایئر بس 320 کا سیمیولیٹر حاصل کرلے گا۔
اس حوالے سےسی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے ہوا بازوں کو جدید خطوط پر ایئربس 320 کا فلائٹ سیمیولیٹر پر تربیت دی جائے گی، ایئربس320 کے فلائٹ سیمیولیٹر سے پی آئی اے کو سالانہ لاکھوں ڈالر کی بچت ہوگی۔
ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے بیڑے میں طیاروں کی شمولیت اور سیمولیٹر کا اضافہ بزنس پلان کا حصہ ہے، پی آئی اے کے ایئربس 320 کے کپتان اور فرسٹ افسر اپنے لائسنس کی تجدید کیلئے سال میں دو دفعہ سیمیولیٹر پر تربیت حاصل کرنے کیلئے بیرون ملک جانا پڑتا تھا جس پر ہزاروں ڈالر کے اخراجات برداشت کر نا پڑ تے تھے۔
انھوں نے مزید کہا پی آئی اے کے سیمیولیٹر لینے سے دوسری ایئرلائنز کے ہوابازوں کو بھی تربیت دینے کی مد میں زرمبادلہ حاصل ہوگا۔