کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ملازمین کے شناختی کارڈز اب اسلام آباد سے بنیں گے، ملازمین کو درخواست ایک ماہ قبل دینا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ملازمین کے آئی ڈی کارڈز بنانے کا معاملہ پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔اس حوالے سے پی آئی اے سیکیورٹی شعبے کے ڈی جی ایم کی ای میل سامنے آگئی، ادارے نے ایچ آر، سیکیورٹی اور فنانس کے شعبے اسلام آباد منتقل کرنے کے بعد ایک اور فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کے آئی ڈی کارڈز اسلام آباد میں تیارہوں گے، یہ آئی ڈی کارڈز اسلام آباد میں ایوی ایشن بلڈنگ سے بنیں گے۔
اب پی آئی اے ملازمین کے کارڈز کراچی کے ہیڈ آفس میں تیار نہیں ہوں گے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے ڈپٹی جنرل منیجر نواب زرخٹک نے انتظامیہ کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا۔
ای میل میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ملازمین کو نئے آئی ڈی کارڈز کے لیے درخواست ایک ماہ قبل دینا ہوگی، ملازمین کو درخواست کے بعد دس دن میں نیاا ٓئی ڈی کارڈ فراہم کیا جائے گا۔