کراچی : وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے نے بوئنگ 777 طیاروں کے پاور یونٹ کی اوورہالنگ اپنی انجینئرنگ صلاحیتیوں اور وسائل کو استعمال کرتے ہوئے مکمل کرلی جو کہ اس شعبے میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے انجینئرنگ کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے پی آئی اے کو لاکھوں ڈالر کی بچت ہوگی جو کہ اس پہلے ان پاور یونٹس کو بیرون ملک بجھوا کر ان کی مرمت پر خرچ کئے جاتے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور اس کی تنظیم نو اور بحالی ایک حقیقت کا روپ دھار رہی ہے، انہوں نے خاص طور پر پی آئی اے انجینئرنگ کی سہولیات میں بتدریج اضافے پر اپنے اطمینان کا ا ظہار کیا۔
سردار مہتاب نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ میں پی آئی اے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اس کا سہرا ائرلائن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان اور ان کی ٹیم کے سرجاتا ہے۔
سردار مہتاب نے پی آئی اے انجینئر نگ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لینڈنگ گیئر اووہال کی سہولت کے بعد یہ دوسری سہولت ہے جو کہ پی آئی اے کے اپنے ماہرین اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے کر رہے ہیں۔
یہ سہولت پی آئی اے کے اپنے طیاروں کے علاوہ دوسری ایئر لائنوں کے لئے بھی ہے جس سے خاطر خواہ ریونیو حاصل کیا جاسکتا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے تقریب میں مذکورہ پروجیکٹ سے منسلک انجینئرز اور ٹیکنیشنز میں اعلیٰ کارکردگی کے سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔
اس موقع پرپی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ انجینئرنگ کی قابل قدر خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی موجودہ مشکل صورتحال کے باوجود پُرامید ہیں کہ ہم ان حالات سے بہت جلد باہر نکل آئیں گے، تقریب سے چیف ٹیکنیکل آفیسر عامر علی اور چیف انجینئر انجن اوورہال اسحاق رضوی نے بھی خطاب کیا۔