یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کی پی آئی اے پر پابندی ختم ہونے کے بعد قومی ایئر لائن کا آئندہ 2 ہفتوں میں پیرس کیلئے فلائٹ آپریشن بحال ہو گا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے یورپ کےلیے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گی جب کہ پی آئی اے کی برطانیہ کےلیے بھی فلائٹ آپریشن کی تیاریاں مکمل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امید ہے چند روز میں برطانیہ بھی پی آئی اے سے پابندی اٹھالے گا۔
یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) فلائٹ آپریشن پر عائد پابندی اٹھا لی جس کی تصدیق ڈی جی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر ڈار نے بھی کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم، وزیر ہوا بازی اور سیکرٹری ایوی ایشن کے تعاون سے کامیابی حاصل کی۔
وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ پی آئی اے پر پابندی کے خاتمے میں سول ایوی ایشن نے بہت محنت کی، یہ کامیابی وزارت ہوا بازی کی انتھک محنت کی وجہ سے ممکن ہوئی۔