کراچی : کورونا اور عالمی سطح پرپروازوں کی بندش کے باعث پی آئی اے کو 100ارب نقصان کا خدشہ ہے، برطانیہ، یورپ اورامریکا نے پی آئی اے کی پروازوں پرپابندی لگارکھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس ، برطانیہ، یورپی یونین اور امریکا کے لئے آپریشن کی بندش سے قومی ایئرلائن کو رواں سال 100ارب روپے سے زائد کے نقصان کا اندیشہ ہے ، پی آئی اے نے اس سال ریونیو کا ہدف 196 ارب روپے رکھا تھا۔
پی آئی اے کو امریکہ میں آپریشن کی بندش کی وجہ سے 5 پروازوں پر 28 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطا بق پی آئی اے کو امریکہ کے لئے 12 پروازیں آپریٹ کرنے کی خصوصی اجازت ملی تھی اور پی آئی اے نے امریکہ کے لئے صرف 7 پروازیں آپریٹ کی ، 5 مزید پروازیں امریکہ کے لئے براہ راست آپریٹ کرنا تھی۔ لیکن امریکی ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ نے پی آئی اے کی پروازوں پرپابندی لگاتے ہوئے خصو صی پروازوں کا اجازت نامہ منسوخ کردیا تھا۔
یورپی یونین کی جانب سے پابندی کی وجہ سے پی آئی اے کو برطانیہ اور یورپ سے33ارب روپے سے زائد روینیو کے نقصان کا خدشہ ہے، پی آئی اے برطانیہ کیلئے ہفتہ وار 23پروازیں آپریٹ کررہی تھی جبکہ یورپ کیلئے 6پرواز آپریٹ ہوتی تھی۔
سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کی بندش سے رواں سال پی آئی اے حج آپریشن بھی نہیں ہو سکا ، جس کے باعث قومی ایئرلائن کو 12ارب روپے کا نقصان کا سامنا ہے۔
پی آئی اے کو عمرہ سیزن نہ ہونے کی وجہ سے بھی 5 ماہ کے دوران ساڑھے نو ارب روپے سے زائد کا نقصان کا سامنا رہا، پی آئی اے عمرہ سیزن میں ایک سال کے دوران 22 ارب روپے کا ریوینو حاصل کرتا ہے ، کورونا وائرس کی وجہ عمرہ زایرین پر پابندی کی وجہ سے بھی پی آئی اے کو نقصان پہنچا جبکہ کورونا وائرس کی وجہ ے علاقائی آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا۔