باکو : پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پہلی براہ راست پرواز لاہور سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئی، حیدر علی ائیرپورٹ پر پرواز اور مسافروں کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق آذربائیجان میں پاکستانی سفیر قاسم محی الدین، ڈائریکٹر ائیرپورٹ تیمور حسن اور وزیر ٹرانسپورٹ رشد نبی نے مسافروں کا استقبال کیا۔
اے آروائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس خوشی کے موقع پر دوران پرواز کیک کاٹا گیا اور مسافروں میں تحائف تقسیم کیے گئے، اس کے علاوہ قرعہ اندازی کے ذریعے مسافروں میں موبائل فون بھی تقسیم کیے گئے۔
View this post on Instagram
پی آئی اے کی پرواز سے152 مسافر لاہور سے باکو پہنچی۔ پہلے مرحلے میں باکو کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی لاہور سے باکو کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز پر اظہار مسرت کیا ہے۔
قبل ازیں لاہور سے باکو باکو پہنچنے والی پی ائی اے کی پہلی براہ راست پرواز 11 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوئی تھی جسے وزیر دفاع و ہو ابازی خواجہ آصف نے لاہور ایئر پورٹ پر الوداع کیا۔
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل لوگوں کا خیال تھا قومی ایئر لائن مشکل سے کبھی باہر نہیں نکل سکے گی لیکن وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اصلاحاتی پروگرام کے بعد پی آئی اے اپنے قدموں پر کھڑی ہے۔
مزید پڑھیں : باکو کیلیے پی آئی اے کی پہلی پرواز لاہور سے روانہ
خواجہ آصف نے کہا کہ قومی ایئر لائن اپنے نیٹ ورک کو وسعت دے رہا ہے لاہور سے باکو پرواز اسی سلسلے کی کڑی ہے، اس پرواز سے پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔