کراچی : پی آئی اے کی ایک اور پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے میت لے جانے والے مسافر چارنو گھنٹے تک خوار ہوتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 308 میں بدترین تاخیر سامنے آئی ہے، شام چار بجے روانہ ہونے والی پرواز کے مسافر ایئر پورٹ پر رُل گئے۔
جہاز کے ذریعے اسلام آباد میت لے جانے والے مسافر بھی دربدر ہوئے۔ اس حوالے سے پرواز کے آصف نامی مسافر نے میڈیا کو بتایا کہ ابتداء میں پرواز کی روانگی میں تاخیر موسم کی خرابی بتایا گیا۔
بعد ازاں پرواز میں فنی خرابی کے بارے میں بتایا گیا اور اب بتایا جارہا ہے کہ جدہ سے رات 11بجے پرواز پہنچے گی، مسافرآصف کے مطابق280سے زائد مسافروں کو لاؤنج میں بے یارومدد گار چھوڑ دیا گیا۔
۔اس تمام تر صورتحال کے باوجود ایئر لائن انتظامیہ اب بھی معلومات پر کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے رہی۔
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز میں تاخیر تیکنیکی خرابی کی وجہ سے ہورہی ہے، پرواز آج رات 12 بجے روانہ کردی جائے گی۔