کراچی : پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا ، لاہور سے ٹورنٹو جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے789 کو فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق لاہورسے ٹورنٹو کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے میں دوران پرواز اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی، جس کے بعد کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کرکے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی، اجازت ملنے کے بعد کپتان نے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر باحفاظت اتار لیا۔
طیارے میں دو سوسے زائد مسافر سوار تھے، جو محفوظ رہے ، ترجمان پی آئی اے کاکہنا ہے کہ طیارے میں فنی خرابی کی نشاندہی پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا، جس کے بعد طیارے کی فنی خرابی دور کرکے پرواز کو ٹورنٹو کیلئے روانہ کردیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے مسافروں کیلئے حفاظتی معیار پر سمجھوتا نہیں کرتی پی آئی اے مسافروں کو زحمت پر معذرت خواہ ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز ہی قومی ایئرلائن پی آئی اے کے بوئنگ777طیاروں میں سے ایک میں نقائص کا انکشاف سامنے آیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ نقائص میں انجن کی فائر وارننگ چیک کرنے والاسسٹم شامل ہیں جبکہ بریک کا درجہ حرارت دکھانے والا سسٹم بھی مبینہ طور پر خراب ہے۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیاروں میں سے ایک میں نقائص کا انکشاف
ذرائع کے مطابق طیارے کے آٹو پائلٹ سسٹمز میں سے ایک سسٹم خراب جبکہ ایک جی پی ایس، ٹائرپریشر دکھانے والا سسٹم بھی مبینہ خرابی کا شکار ہے، طیارے کے دروازے کو لاک دکھانے والاسسٹم بھی مبینہ طور پر خراب ہے
ذرائع کا کہنا تھا کہ انجن کی اوورہیٹ محسوس کرنیوالے 2سرکٹ میں سے ایک خرابی کا شکار ہے ، ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے میں 2 سے3 نقائص متعلقہ شعبے کے علم میں ہیں اور طیارے کی شعبہ انجینئرنگ میں آمد پر نقائص دور کئے جارہے ہیں۔
اس سے قبل 22 نومبر کو قومی ایئرلائن کی دو پروازیں حادثے سے بال بال بچ گئیں تھیں ، پائلٹس نے بڑی مہارت سے طیاروں کو لینڈ کیا ، جہازمیں عملے کے ساتھ تمام مسافر بھی محفوظ رہے تھے۔
پی کے 650 کے انجن میں اچانک خرابی پیدا ہوگئی تھی جبکہ پی کے 257 کے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد طیارے کے سسٹم ٹرپ کرگئے تھے ، جس سے ایئربس 320 کا اگلا وہیل بھی بند نہیں ہورہا تھا، پائلٹ نے وہیل کو بند کرنے کی بہت کوشش کی مگر بند نہ ہوسکا۔