کراچی / سیالکوٹ : پی آئی اے نے نئی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے سیالکوٹ سے لندن کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ ملازمین کی جعلی ڈگریوں کی جانچ پڑتال کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے سیالکوٹ اور لندن کے درمیان پروازوں کا آغاز کررہی ہے، مذکورہ پروازیں دس ستمبر سے آپریٹ کی جائیں گی۔
اس حوالے سے پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ سے لندن سے سیالکوٹ کیلئے براہ راست پرواز سے اوورسیز کو سہولت ہوگی جبکہ آزاد کشمیر، جہلم اور گجرات کے ہم وطنوں کو زیادہ سہولت میسرہوگی۔
ذرائع کے مطابق سیالکوٹ اورلندن کے درمیان پروازوں سے پی آئی اے کے ریونیو میں اضافہ ہوگا، پروازیں شروع ہونے سے سیاحت اورتجارت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
پی آئی اے ملازمی کی جعلی ڈگریوں کی تحقیقات ، کمیٹی تشکیل
دوسری جانب پی آئی اے ملازمین کی جعلی ڈگریوں کی ازسرنو جانچ پڑتال کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، ایئر وائس مارشل نور عباس کمیٹی کے چیئرمین مقرر کردیئے گئے، اس سلسلے میں باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
پانچ رکنی کمیٹی ملازمین کی ڈگریوں کی ازسرنو تحقیقات کریگی مذکورہ کمیٹی جعلی ڈگری کیس میں سزا اور جرمانے کا تعین کرے گی۔
جعلی ڈگری کیس سے متعلق حتمی طور پر جرمانے کی نوعیت اور سفارشات سے انتظامیہ کوآگاہ کرے گی، کمیٹی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اپنی رپورٹ پی آئی اے کے سی ای او کو پیش کرے گی۔
اس حوالے سے پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں جعلی ڈگری رکھنے والے تمام ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔