ریاض : پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر آگئی، جس سے مسافروں کو مزید بہتر سفری سہولیات فراہم ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن پی آئی اے کے مینجر محمد بلال احمد نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دارالحکومت ریاض کے لیے لاہور،اسلام آباد اور ملتان سے ہفتہ وار سات فلائٹس اپریٹ کر رہی ہیں تاہم سعودی جنرل ایوی ایشن گاگا سے مذاکرات کے بعد جلد ہی پروازوں کی تعداد بڑھا کر 14 تک کر دی جائے گی۔
مینجر محمد بلال احمد کا کہنا تھا کہ پروازوں کی تعداد میں اضافے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مسافروں کو آمدورفت کے حوالے سے مزید آسانیاں فراہم ہوں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر سے 85 کے قریب ائیر لائنز دارالحکومت ریاض کے لیے اپریٹ کرتی ہیں تاہم پی آئی اے کی سروسز کے حوالے سے گزشتہ چھ ماہ کے دوران 93 فیصد پرفارمنس رہی ہے جس سے مسافروں کا پی آئی اے کی سروسز پر اعتماد بڑھا ہے۔
مزید پڑھیں : عمرہ زائرین کو کون کون سی ویکسین لگوانا ہوگی؟ سعودی عرب کی نئی ہدایات
خیال رہے سعودی وزارت صحت کی جانب سے عمرہ زائرین کیلئے جامع صحت کے اصول وضوابط جاری کئے تھے۔
اس سلسلے میں سعودی سول ایوی ایشن گاکا نے جاری نوٹیفکیشن میں عمرہ زائرین کے لیے تمام ضروری ویکسی نیشن اور احتیاطی تدابیر کو لازمی قرار دیا تھا اور مسافروں کو صحت دستاویزات، بشمول ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
پاکستان سمیت نائجیریا، افغانستان اور دیگر پولیو متاثرہ ممالک کے زائرین کیلئے پولیو ویکسین لازمی قرار دی گئی تھی، اب عمرہ زائرین کوویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرناہوگا۔