کراچی: سپریم کورٹ کے احکامات پر پی آئی اے نے تعلیمی اسناد جمع نہ کرانے والے 100 فضائی میزبانوں کو اندرون و بیرون ملک جانے والی پروازوں سے گراؤنڈ کرتے ہوئے ڈیوٹیوں سے روک دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گراؤنڈ کیےجانے والے اسٹاف کو اسناد جمع کرانے کے لیے آج تک کا وقت دیا گیا تھا ،اسناد نہ جمع کرانے والوں میں ایئرہوسٹس ، اسٹیوارڈز، اور پرسر شامل ہیں۔مذکورہ میزبانوں کو اسناد جمع کرانے کا آج کا وقت دیاگیا تھا انہیں خط بھی تحریر کیے گئے تھے کہ اسناد جمع کرائی جائیں ، پی آئی اے کے جی ایم فلائٹ سروسز نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ، 100 فضائی میزبانوں کو ڈیوٹیوں سے روک دیاگیا ہے۔
جی ایم فلائٹ سروسز کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب تک ان فضائی میزبانوں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق نہیں ہو گی ، تب تک مذکورہ افراد پروازوں پر ڈیوٹیاں نہیں کرسکیں گے ، ذرائع کے مطابق پہلے سے پروازوں پر تعینات فضائی میزبانوں کا ڈیوٹی روسٹربھی بلاک کردیاگیا ہے پروازوں سے ہٹائے جانے کے لیے متعلقہ حکام نے باقاعدہ ای میل بھی جاری کردی ہے ۔
پی آئی اے کی ایئرہوسٹس فریحہ کے ٹورنٹو میں سلپ ہونے کے معاملے کے بعد سے100سے زائد فضائی میزبانوں کو برطانیہ ، یورپ اور کینیڈا نہ بھیجنے پر غور کیا جارہا تھا۔
یاد رہے 18 ستمبر کو پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی ، اور پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈین پولیس کو گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔