جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

پی آئی اے نے قبل ازوقت حج آپریشن کا آغازکردیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائن کل بروز پیر سے قبل از وقت حج آپریشن شروع کر رہی ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ملک بھر کے ایئرپورٹس پر فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین کی روانگی کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاکھوں فرزندان توحید رب العزت کی عبودیت کا اعتراف کرتے ہوئے فریضہ حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں، اس حوالے سے رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے مجموعی طور پر ملک بھر سے ایک لاکھ 85 ہزارسے زائد پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

نجی ایئرلائن شاہین ائیر ملک بھر کے مختلف شہروں سے 49 ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی، پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد عازمین کو 300 سے زائد پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔

پی آئی اے کی 133 پروازیں 75 ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائیں گی۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نیئر حیات کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، حج آپریشن میں بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ عازمین کو ایئر پورٹ پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی عازمین حج کی سہولت کیلئے مختلف ایئرپورٹس پرامیگریشن، کسٹم، اے این ایف سمیت تمام متعلقہ اداروں کے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے ہیں۔

سی ای او پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ حجاج کرام کی رہنمائی کے لئے معلوماتی ویڈیوز بھی چلائی جائیں گی اور مفت پورٹر سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے حجاج کرام کو سفری سہولت کی ہر ممکن فراہمی وزارت حج ، قومی ایئرلائن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اولین ترجیح ہونی چاہئیے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں