کرا چی: پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کا اہم اجلاس آج صبح 11 بجے ہوگا، چیئرمین ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر طارق باجوہ صدارت کریں گے، اجلاس میں بورڈ ممبران کے لیے 50 ہزار روپے فی اجلاس فیس مقرر کرنے کی منظوری لی جائے گی۔
بورڈ ارکان کے لیے مفت ہوائی ٹکٹ، اندرون و بیرون ملک سفر کی اجازت لی جائے گی، بورڈ ارکان کو اجلاس میں شرکت کے لیے رہائش کے لیے 20 ہزار روپے دینے کی سفارش بھی کی جائے گی۔
مفت ٹیلیفون سہولت، بورڈ ارکان اور فیملیز کے لیے مفت ہوائی سفر کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
اجلاس میں شیئر ہولڈرز کو پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے گی، پی آئی اے کی نجکاری کے نئے پلان کے حوالے سے بھی شیئر ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اجلاس میں تمام شیئر ہولڈرز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
حکومت کا نیا فیصلہ، پی آئی اے کی نج کاری کب ہوگی؟
واضح رہے کہ رواں ماہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نج کاری میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، حکومت نے نجکاری اکتوبر کی بجائے جون میں کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نج کاری کمیشن کو وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے نیا ٹاسک مل گیا ہے جس کے تحت نج کاری 4 سے 5 ماہ قبل کی جائے گی، اور نج کاری سے قبل پی آئی اے کی معاشی حالت بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔